بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 25 اور 26 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 26 جون کو ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئے دوسرے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متعلقہ علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، جبکہ عزمِ پاکستان کے وژن کے تحت دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US