ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کے سفارتی کردار کا اعتراف ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات اور خطے میں پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کا اعتراف ہے۔

کراچی میں پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور دوست ممالک سے آئے ہوئے کیڈٹس کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق" میں پاک بحریہ نے شاندار کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت میں پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششیں قابلِ قدر رہیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے قیام کے لیے شب و روز انتھک محنت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ شکست کے بعد پراکسیز کے ذریعے سرگرم ہے، تاہم افواجِ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے اور کشمیر و فلسطین کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US