وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نہ تو کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن فائدہ پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی پلیٹس قیمت 98.35 سے 91.68 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 109.09 سے 104.79 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر عمل پیرا رہے گی۔