ایران کے 10 اہم ترین فوجی مراکز تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ، حملوں کی ویڈیو جاری

image

امریکی محکمہ دفاع نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فوجی اہداف پر کیے جانے والے فضائی حملوں کی باضابطہ ویڈیو جاری کر دی ہے، جس میں ایرانی فوج کے تزویراتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایران کے اندر مجموعی طور پر 10 اہم فوجی اور بنیادی ڈھانچے کے مراکز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ فضائی کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی براہِ راست ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ایران نے آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی سمندری راستے میں سفر کرنے والے پاناما کے پرچم بردار ایک تجارتی آئل ٹینکر جہاز پر مبینہ طور پر ڈرون حملہ کیا تھا، جسے امریکہ نے بین الاقوامی جہاز رانی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ اور بحریہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کی ان تنصیبات کو مفلوج کر دیا ہے جو خطے میں تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔ ان حملوں میں ایرانی فوج کے نگرانی کرنے والے نظام (سرویلنس سسٹمز)، مواصلاتی نیٹ ورکس، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ کرنے کے خفیہ ٹھکانوں اور سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق مراکز کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا ہے۔ ویڈیو کے اجرا کا مقصد ان حملوں کی کامیابی اور ایرانی فوجی نیٹ ورک کو پہنچنے والے نقصانات کی تصدیق کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US