پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی منظوری دے دی

image

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے مالی سال 27-2026 کے سرپلس بجٹ سمیت اہم انتظامی اور مالیاتی فیصلوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ اور مالیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، بورڈ کے اراکین اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے پی ایس ایل کو انتظامی اور مالیاتی لحاظ سے خودمختار بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے اضافے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد یہ بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھ کر 4 ارب روپے ہو جائے گا۔

اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

بورڈ نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے فنڈز مختص کرنے مزید 12 کرکٹ گراؤنڈز کو فعال بنانے اور ہیومن ریسورس کی بہتری کے لیے وسائل فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے اور نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی سمیت دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ لاہور ہائی پرفارمنس سینٹر میں جدید بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے فنڈز فراہم کرنے اور بورڈ آف گورنرز کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔

اجلاس میں بورڈ ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد، عدنان ملک، سابق کپتان ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US