تیل و گیس کے شعبے سے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع تیل کے نئے کنویں سے قبل از وقت پیداوار کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے ایک خط میں تصدیق کی گئی ہے کہ 'بوبی ڈیپ ون' نامی یہ کنواں سو فیصد او جی ڈی سی ایل کی ہی ملکیت ہے۔ اس وقت کنویں سے یومیہ 2 ہزار بیرل (تقریباً 3 لاکھ 18 ہزار لیٹر) خام تیل حاصل ہورہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پیداوار میں مستقبل میں مزید اضافے کی بھرپور گنجائش موجود ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کو تیز رفتاری سے فعال کرنے کے لیے کنویں کو صرف ڈیڑھ کلومیٹر طویل اور 4 انچ قطر کی فلو لائن بچھا کر قریبی 'بوبی پلانٹ' کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے، جس کی بدولت پیداوار کا قبل از وقت حصول ممکن ہوسکا ہے۔