سینیٹ کمیٹی کی 25 کروڑ روپے کے سگریٹ چوری کیس میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت

image

سینیٹ کی قائمہ ذیلی کمیٹی برائے داخلہ نے 25 کروڑ روپے مالیت کے مبینہ سگریٹ چوری کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو فوری مقدمہ درج کرنے اور ایف آئی آر کی کاپی کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مبینہ سگریٹ چوری کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور قانونی کارروائی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ متعدد اجلاسوں کے باوجود کیس میں عملی پیش رفت کیوں نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کو طلب کرتے ہیں تو انہیں نوٹسز موصول ہوتے ہیں، جبکہ ان کا کسی بھی تمباکو کمپنی سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں تقریباً 100 ارب روپے مالیت کا خام مال درآمد کیا گیا، جبکہ ان علاقوں میں سگریٹ بنانے کے 859 یونٹس کام کررہے ہیں۔

اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کیس کو پشاور منتقل کیا جائے گا، جہاں فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق انکوائری میں ایک ڈپٹی کلکٹر کسٹمز اور دو کسٹمز انسپکٹرز کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سوال اٹھایا کہ انکوائری مکمل ہونے کے باوجود مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا اور آیا متعلقہ حکام کسی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے ایف آئی اے کو فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے اس کی نقل کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے ایف آئی اے کو بادشاہ خان وزیر سے متعلق مقدمات پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی، جبکہ مفرور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کی انٹرپول کے ذریعے وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران سینیٹر طلحہ محمود نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک محاذ آرائی کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے مبینہ کسٹمز نادہندہ سے متعلق دی گئی وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US