کراچی کی ترقی کے لیے 100 ارب روپے مختص، 500 جدید بسیں بھی جلد چلائی جائیں گی، شرجیل میمن

image

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے تحت مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شہر کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مختص کیے گئے فنڈز پانی کی فراہمی، نکاسیٔ آب کے نظام، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر عوامی سہولیات کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے عوام کو جدید اور معیاری سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے 500 نئی بسیں بھی جلد شہر کی سڑکوں پر چلائی جائیں گی، جس سے شہریوں کو محفوظ، باوقار اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نعروں کے بجائے عملی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کراچی کے عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری اور عزم کا حصہ ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو شہریوں کی ضروریات اور مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US