ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

image

محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں پہلے ہی ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مزید برآں 2 جولائی سے خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی تک بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے جبکہ یکم سے 4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US