پاکستان اسٹیل ملز کا خسارہ 245 ارب روپے تک پہنچ گیا، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

image

کبھی پاکستان کی صنعتی ترقی کی علامت سمجھی جانے والی پاکستان اسٹیل ملز اب قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکی ہے، جہاں گزشتہ 16 برس کے دوران ادارے کا خسارہ 16 ارب روپے سے بڑھ کر 245 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں پاکستان اسٹیل ملز میں سنگین مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے، جس کے مطابق ادارہ مالی بدانتظامی کی بدترین مثال بن چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2008-09 میں پاکستان اسٹیل ملز کا خسارہ 16 ارب 91 کروڑ روپے تھا، جو بڑھتے بڑھتے مالی سال 2022-23 میں 224 ارب روپے سے تجاوز کر گیا، جبکہ مجموعی خسارہ 245 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ اسٹیل ملز کے 1929 رہائشی یونٹس اور متعدد قیمتی اراضی پر غیر قانونی قبضے موجود ہیں، جن کی واگزاری کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جاسکے۔

رپورٹ میں مالی نظم و نسق اور انتظامی امور میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اصلاحی اقدامات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US