علامہ راشد سومرو کے قافلے کی گاڑی حادثے کا شکار، دو رضاکار زخمی

image

جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے میں شامل گارڈز کی گاڑی قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو رضاکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ مٹیاری تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب بھٹ شاہ سے کراچی جانے والے قافلے میں شامل ایک گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی اور بری طرح تباہ ہوگئی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علامہ راشد سومرو اس حادثے میں محفوظ رہے اور مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔ انہوں نے اسپتال پہنچ کر زخمی رضاکاروں کی عیادت بھی کی۔

علامہ راشد سومرو کے مطابق رضاکار علی اکبر کو شدید چوٹیں آئی تھیں، تاہم طبی امداد کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور مزید علاج کے لیے انہیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US