آزاد کشمیر کا 286 ارب روپے کا بجٹ پیش، غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 250 ارب روپے مختص

image

آزاد جموں و کشمیر کا مالی سال 27-2026ء کے لیے 286 ارب روپے کا مجموعی بجٹ قانون ساز ایوان میں پیش کر دیا گیا ہے۔ وزیرِ خزانہ چوہدری قاسم مجید نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ کل حجم میں سے 250 ارب روپے غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 36 ارب روپے لگایا گیا ہے، اس کے علاوہ ٹیکسوں سے آمدن کا ہدف 75 ارب 20 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے آئندہ مالی سال کے دوران 671 نئی سڑکیں، 376 میٹر طویل آر سی سی پل اور 97 میٹر طویل بیلی برج کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ 394 کلو میٹر سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ ہر انتخابی حلقے میں 10 کلو میٹر رابطہ سڑکیں بھی بنائی جائیں گی۔ شعبہ توانائی میں 118 کلو میٹر طویل بجلی کی نئی لائنیں بچھانے کی منظوری دی گئی ہے اور روزگار کے فروغ کے لیے ہنر مندوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں کے حوالے سے وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے سے متاثرہ نامکمل اسکولوں کی تعمیرِ نو کے لیے 1 ارب روپے، جبکہ اسپتالوں کی توسیع و تعمیر کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات روکنے کے لیے فائر بریک لائن قائم کرنے، آتش گیر مواد کی صفائی، اور جدید آلات سمیت حفاظتی لباس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے آئندہ مالی سال میں میرپور میں ڈرائی پورٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US