سرگودھا کی مقامی عدالت نے 14 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے اور بعد ازاں زندہ دفن کرنے کے لرزہ خیز واقعے میں ملوث تینوں مرکزی ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں سول کورٹ کے جج سید ذیشان حیدر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت، تفتیشی افسر نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان سے مزید تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے عدالت سے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
سول جج سید ذیشان حیدر نے پولیس کی 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے اور تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ اس بہیمانہ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور عوامی حلقے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔