پنجاب بھر میں یکم جولائی سے زمین اور جائیداد کے تمام لین دین کے لیے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی ہوگا۔
چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) طارق سبحانی نے بتایا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے ملکیت اور قبضے کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے جائیداد کے معاملات میں فراڈ اور جعلسازی کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 486 سال پرانے اراضی نظام میں تاریخی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے 950 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
طارق سبحانی کے مطابق شہری اپنے قریبی اراضی ریکارڈ سینٹر سے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں، جس سے جائیداد کی خرید و فروخت کا عمل مزید شفاف اور محفوظ بنایا جاسکے گا۔