سیزن 27-2026 کے لیے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے انتظامات سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں سالانہ فیس میں اضافے پر ڈیپارٹمنٹس نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سالانہ فیس ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کرنے کی تجویز پر مختلف ڈیپارٹمنٹس نے اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پہلے ہی ٹیموں کے تمام اخراجات خود برداشت کرتے ہیں ایسے میں فیس میں اضافہ اداروں کو ڈیپارٹمنٹل کرکٹ سے دور کرنے کے مترادف ہوگا۔
اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاہدوں کی حد مقرر کرنے، یومیہ الاؤنس اور میچ فیس کی ادائیگی سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔ پی سی بی حکام نے واضح کیا کہ سالانہ فیس کی ادائیگی لازمی ہوگی اور صرف وہی ادارے شرکت کر سکیں گے جو مقررہ فیس ادا کریں گے۔
اس پر ڈیپارٹمنٹس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی ادارے کو کھیلنے سے نہیں روکا جا سکتا اور بورڈ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹس کے شدید تحفظات کے بعد پی سی بی نے معاملے کا ازسرنو جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ میچز کی لائیو اسٹریمنگ اور دیگر انتظامی اخراجات بھی مدنظر ہیں، تاہم یہ دیکھا جائے گا کہ کن اخراجات میں کمی کی جا سکتی ہے جس کے بعد سالانہ فیس سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔