پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت، پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچز کی سفارشات پر پاکستان انڈر 21 (جونیئر) اور انڈر 18 ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے آفیشل ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق انڈر 21 ٹیم کے ٹرائلز 3 اور 4 جولائی 2026 کو شام 5:00 بجے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوں گے جبکہ انڈر 18 ٹیم کے ٹرائلز 5 جولائی 2026 کو شام 5:00 بجے پی او ایف ہاکی اکیڈمی واہ کینٹ میں لیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کا میرٹ پر انتخاب یقینی بنانے کے لیے اولمپین سمیع اللہ خان کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی ٹرائلز کا انعقاد کرے گی جس میں اولمپین نعیم اختر، اولمپین ناصر علی، اولمپین کاشف جواد، اولمپین عاطف بشیر اور اولمپین ایم خالد شامل ہیں، جبکہ اولمپین حسن سردار خصوصی طور پر ان ٹرائلز کی نگرانی کریں گے۔
دوسری جانب مسقط (عمان) میں 20 سے 25 جولائی 2026 تک منعقد ہونے والی "مینز ہاکی فائیو اے سائیڈ ایشین چیمپئن شپ" کی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل (یکم جولائی) سے 18 جولائی 2026 تک پی او ایف ہاکی اکیڈمی واہ کینٹ میں لگایا جارہا ہے۔
پی ایچ ایف کے اعلامیے کے مطابق تمام منتخب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کل شام 7:00 بجے تک ہیڈ کوچ محمد قمر ابراہیم کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کیمپ میں مدعو کیے گئے کھلاڑیوں میں گول کیپرز غلام مصطفیٰ، نعمان خان، عادل اور ایم ذیشان؛ ڈیفنڈرز عاصم حیدر، حسن اکبر، مزمل سعید اور عزیر؛ مڈ فیلڈرز حسنان خان، زمان گجر، عثمان غنی اور شاہد اللہ؛ جبکہ اسٹرائیکرز میں ایم عثمان، عدیل افضل، سلمان یاسین، شعیب سلطان، رانا سمیع، زنیر، فرحان اسلم، حنین نور بھٹہ، یحییٰ نجیب اور عبداللہ اعوان شامل ہیں۔
آفیشلز کی ذمہ داریاں اولمپین محمد قمر ابراہیم (ہیڈ کوچ)، اولمپین ریحان بٹ (کوچ) اور عدیل اختر (فزیو تھراپسٹ) نبھائیں گے۔ کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو اپنے ہمراہ متعلقہ محکمے کا این او سی، 6 ماہ کی معیاد والا پاسپورٹ، 8 تصاویر اور پلیئنگ کٹ لانے کی تاکید کی گئی ہے۔