آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے ہیں۔ٹریوس ہیڈ نے دو درجے ترقی کے بعد انگلینڈ کے جو روٹ سے پہلی پوزیشن چھین لی، جبکہ جو روٹ دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا دو درجے ترقی کے بعد ساتویں، ڈیرل مچل پانچ درجے بہتری کے ساتھ گیارہویں، بین ڈکٹ تین درجے ترقی کے بعد چودہویں اور ڈیون کونوے 14 درجے چھلانگ لگا کر پندرہویں نمبر پر آ گئے۔ پاکستان کے محمد رضوان اور بابر اعظم بھی ایک، ایک درجہ بہتری کے بعد بالترتیب 18ویں اور 19ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ٹام لیتھم 12 درجے ترقی کے ساتھ 31ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو پیچھے چھوڑ کر ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ میٹ ہنری دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نو درجے ترقی کے بعد 15ویں، کیمار روچ چار درجے بہتری کے ساتھ 17ویں اور زمبابوے کے بلیسنگ مزاربانی چھ درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر آ گئے۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس بھی دو، دو درجے ترقی کے بعد بالترتیب 25ویں اور 26ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ نیوزی لینڈ کے ول او رورکی پانچ درجے بہتری کے ساتھ 27ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔