ملتان کیمپ: جونیئر کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کوچز سرگرم

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام انڈر 19 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ ملتان میں جاری ہے، جس میں 31 کھلاڑی شریک ہیں۔

کیمپ کے دوران کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہیڈ کوچ شاہد انور نے کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ، اے سی سی انڈر 19 مینز ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کے تناظر میں مستقبل کے اہداف اور وژن پر خصوصی لیکچر دیا، اور زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، محنت اور مستقل مزاجی کے ذریعے پاکستان انڈر 19 ٹیم میں اپنی جگہ بنائیں۔

یہ اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ اگست کے آخری ہفتے میں اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ ایک چار روزہ اور چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کی موجودہ چیمپئن ہے، جس نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US