آئی جی سندھ نے پیپلز پارٹی کے یوسی صدر کے قتل کا نوٹس لے لیا

image

انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سوشل میڈیا پر اورنگی ٹاؤن میں یوسی صدر فیصل عباسی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے فوری رابطہ کیا اور واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور میرٹ پر تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی سندھ نے حکم دیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی فوری شناخت، ٹریسنگ اور گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس کیس کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جائے جو تمام تکنیکی و فرانزک شواہد کو بروئے کار لائے۔

جاوید عالم اوڈھو نے تاکید کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات سمیت واقعے کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اصل حقائق سامنے لائے جائیں کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اور واقعے میں ملوث ہر کردار کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی آئی جی سندھ نے پولیس کو متاثرہ خاندان کو مکمل سیکیورٹی اور ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کرنے کی بھی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی شب اورنگی ٹاؤن مومن آباد غوثیہ چوک کے قریب پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یو سی 20 کے صدر فیصل عباسی کو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ فائرنگ سے دو افراد 30 سالہ فہد عباسی اور 42 سالہ فہد جمال زخمی ہوئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US