ایکواڈور کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے 36 سالہ اسٹرائیکر اینر ویلنسیا نے ورلڈ کپ سے اپنی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد انٹرنیشنل فٹبال کو الوداع کہہ دیا ہے۔
شنہوا کے مطابق وہ پہلے ہی یہ اعلان کرچکے تھے کہ وہ ایکواڈور کی اگلی ورلڈ کپ کوالیفائنگ مہم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
اینر ویلنسیا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی ٹیم کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں اور انہوں نے انتہائی اداس دن تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو الوداع کہا کیونکہ وہ اپنی رخصتی اس انداز میں نہیں چاہتے تھے۔
فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں جرمنی کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے والی ایکواڈور کی ٹیم میکسیکو کے خلاف 0-2 کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔ ویسٹ ہیم اور ایورٹن کے سابق فارورڈ نے 2012 میں اپنے انٹرنیشنل ڈیبیو کے بعد سے ایکواڈور کے لیے 109 میچوں میں 49 گول کیے۔
انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب وہ میکسیکو کے کلب پاچوکا کے ساتھ اپنے کلب کیریئر کو جاری رکھیں گے جہاں ان کا معاہدہ دسمبر 2027 تک برقرار ہے۔