کراچی: سی ٹی ڈی کے ہاتھوں لشکر جھنگوی کے انتہائی مطلوب 2 دہشتگرد گرفتار

image

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشنز کراچی نے انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی (عطا ء الرحمان عرف نعیم بخاری گروپ) کے انتہائی مطلوب سلیپر سیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان، محمد جمیل انصاری عرف شعیب عرف چاچا اور ان کا بیٹا حماد علی انصاری عرف ذرار عرف ببلو، سی ٹی ڈی کی 'ریڈ بک' کے دسویں ایڈیشن کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں۔

یہ ملزمان سال 2015 اور 2016 سے روپوش تھے اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک اور سلیپر سیل منظم کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کر کے انہیں دبوچ لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، گرفتار ملزم محمد جمیل انصاری عرف چاچا نعیم بخاری کا قریبی ساتھی ہے، جو افغانستان سے آئی ای ڈی (IED) اور سرکٹ بنانے کی تربیت حاصل کر چکا ہے۔ وہ شہر میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے لیے سہولت کاری کا کام کرتا تھا اور نعیم بخاری کی گرفتاری کے بعد سے روپوش تھا۔ دوسرا ملزم حماد علی انصاری، سی ٹی ڈی مقابلہ میں مارے جانے والے دہشت گردوں دلدار عرف چاچا (جو چوہدری اسلم شہید کے گھر پر خودکش حملے میں ملوث تھا) اور عمران بھٹی کا قریبی ساتھی ہے۔ حماد علی انصاری اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کا بھی قریبی ساتھی رہا ہے اور تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ نمبر 38/2017 میں اشتہاری و مفرور تھا۔

ملزمان کراچی میں ہونے والی متعدد بڑی دہشت گردانہ کارروائیوں میں مطلوب تھے، جن میں سال 2013 میں کورنگی نمبر 5 میں رینجرز موبائل پر آئی ای ڈی بلاک حملہ (مقدمہ نمبر 152/2013 تھانہ عوامی کالونی)، سال 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر حملہ (مقدمہ نمبر 87/2014 تھانہ ایئرپورٹ) اور سال 2015 میں آر آر ایف (RRF) کے ٹرک پر موٹر سائیکل آئی ای ڈی حملہ (مقدمہ نمبر 296/2014 تھانہ ابراہیم حیدری) شامل ہیں۔

دورانِ تفتیش یہ سنسنی خیز انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ نعیم بخاری کی ہدایت پر ملزم جمیل عرف چاچا نے سرکاری افسران اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے لیے ایک مخصوص بیگ تیار کیا تھا، جس کے اندر فائرنگ کے بعد پسٹل کے خول محفوظ رہ جاتے تھے تاکہ جائے وقوعہ سے بیلسٹک شواہد نہ مل سکیں۔ یہی طریقہ کار امجد صابری اور صدر پارکنگ پلازہ کے پاس ملٹری پولیس کے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا گیا تھا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 عدد بارودی مواد کے سلیب، 5 عدد ڈیٹونیٹرز، 10 میٹر پرائما کارڈ، ریموٹ کنٹرول معہ ڈیوائس اور 5 عدد پستول کے کیچر برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں بارودی مواد اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات نمبر 60/2026 اور 61/2026 درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی آپریشنز نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US