پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
شاپور زدران طویل علالت کے بعد نئی دہلی کے ایک اسپتال میں 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور زیرِ علاج تھے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا، "بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف ہمیں لوٹ کر جانا ہے۔" انہوں نے شاپور زدران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "پیارے شاپور! آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔"
انہوں نے مزید لکھا "موت ہر انسان کو آنی ہے، مگر پشتونوں کی عزت اور وقار کبھی نہیں مرتا۔ موت جسم کو ہم سے جدا کر سکتی ہے مگر پشتونوں کا معاشرتی ضابطۂ حیات ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔"
واضح رہے کہ شاپور زدران نے افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ 2015 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی فتح میں فاتحانہ رنز بنا کر انہوں نے اپنی ٹیم کو یادگار کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔