فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین نے بیلجیئم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ میں اسپین نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 30ویں منٹ میں فیبیان نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم بیلجیئم نے 41ویں منٹ میں ڈی کیٹالا کے ذریعے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ یہ رواں ٹورنامنٹ میں اسپین کے خلاف ہونے والا پہلا گول بھی تھا۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا، لیکن میچ کے اختتامی لمحات میں 88ویں منٹ پر مرینو نے شاندار گول کرکے اسپین کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی، جبکہ اس سے قبل فرانس بھی آخری چار ٹیموں میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔