انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل شائقین کے لیے "ہاکی اسکورز لائیو" کے نام سے نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے، جہاں دنیا بھر میں ہونے والے ہاکی مقابلوں کی تمام اہم معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔
ایف آئی ایچ کے مطابق یہ پلیٹ فارم عالمی ٹورنامنٹ مینجمنٹ سسٹم (ٹی ایم ایس) سے منسلک ہے، جس پر بین الاقوامی میچز کے لائیو اسکورز، کھلاڑیوں کے اعداد و شمار، پوائنٹس ٹیبل، شیڈول اور دیگر تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ گھانا، ناروے، مالٹا اور جبرالٹر کی ڈومیسٹک ہاکی لیگز کی معلومات بھی شامل کی گئی ہیں، جبکہ مزید ممالک کی شمولیت کے ساتھ اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ "ہاکی اسکورز لائیو" ہاکی کی ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد ہاکی کو دنیا بھر میں زیادہ قابلِ رسائی، دلچسپ اور باہم مربوط بنانا ہے تاکہ شائقین، کھلاڑی، کلب، قومی فیڈریشنز اور میڈیا کو ایک ہی جگہ تمام ضروری معلومات میسر آ سکیں۔
ایف آئی ایچ نے مزید بتایا کہ اس نئے پلیٹ فارم کو اسٹریمنگ سروس "واچ ڈاٹ ہاکی" کے ساتھ بھی منسلک کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شائقین نہ صرف میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے بلکہ دنیا بھر کے ہاکی مقابلوں کے نتائج اور اعداد و شمار سے بھی فوری طور پر آگاہ رہیں گے۔