پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے کھلاڑیوں کی جسمانی سرگرمیوں، ان پر کام کے دباؤ (ورک لوڈ) اور کھیل کے بعد بحالی (ریکوری) کے عمل کی نگرانی کی جائے گی۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی روشنی میں ہر کھلاڑی کی ضرورت کے مطابق الگ ٹریننگ پلان وضع کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی کو عروج پر پہنچانا اور کھیل کے دوران لگنے والی چوٹوں کے امکانات کو کم کرنا ہے۔ ابتدائی مرحلے کی کامیابی کے بعد اس جدید سسٹم کا دائرہ کار جونیئر کھلاڑیوں اور ڈیولپمنٹ اسکواڈز تک بھی بڑھایا جائے گا۔