تائیکوانڈو کی گولڈ میڈلسٹ دو خواتین کھلاڑی طیبہ اشرف اور سنبل فاطمہ تھائی لینڈ میں ہونے والے انٹرنیشنل مقابلے میں شرکت کے لیے اسپانسرز کی تلاش میں ہیں، جس کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا ہے اور اسپورٹ چیمپئین کی پوسٹ ڈالی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ برس اسی مقابلے میں مجموعی طور پر 5 گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت کر شہرت حاصل کی تھی اور وہ واحد خواتین کھلاڑی تھیں جنہوں نے میڈلز اپنے نام کیے۔
طیبہ اشرف اور سنبل فاطمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مرتبہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے بڑی محنت کی ہے، تاہم 31 جولائی سے شروع ہونے والے ایونٹ کے لیے فنڈز کی کمی رکاوٹ بن رہی ہے۔ فنڈز نہ ہونے کے باعث انہوں نے اوپن ایونٹ کی کم کیٹگریز میں رجسٹریشن کرائی ہے۔
کھلاڑیوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ادھار لینا بھی مشکل ہے، اسی لیے سوشل میڈیا پر اپیل کی ہے اور امید ہے کہ فنڈز کا انتظام ہو جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کر کے ملک کے لیے دوبارہ میڈلز جیتیں۔