نیشنل سلیکٹر اور این سی اے بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے پروگرام "اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نوجوان کرکٹرز کو نظم و ضبط اور تسلسل اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف ٹیلنٹ ہی نہیں بلکہ ڈسپلن اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب کھلاڑی روزانہ کی محنت، فٹنس، پریکٹس اور متوازن غذا پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ مصباح الحق نے چار روزہ کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل فارمیٹ نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیک، ذہنی مضبوطی، دفاعی تکنیک، ارتکاز اور فیصلہ سازی کو بہتر بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپن بولنگ کے خلاف بہتر کھیلنے کے لیے طویل اننگز کھیلنے کی عادت ضروری ہے اور نوجوان کرکٹرز کو معیاری سپن بولنگ کے خلاف زیادہ مواقع دینے کی ضرورت ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف درست رہنمائی اور محنت ہی کامیابی دلاتی ہے۔ انہوں نے کوچز، مینٹرز اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں بلکہ ان کی دلچسپی کو سمجھ کر انہیں ترقی کے مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان کرکٹرز کو ذمہ داری ضرور دی جائے مگر اس سے ان کا کھیلنے کا جذبہ متاثر نہیں ہونا چاہیے۔