ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے مشکل اور اہم دوروں سے قبل پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ اپنے غیر ملکی فیلڈنگ کوچ سے محروم ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک سال قبل تمام فارمیٹس کے لیے مقرر کیے جانے والے آسٹریلوی فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے باعث وہ ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کریں گے۔
پی سی بی کے معتبر ذرائع کے مطابق، فیلڈنگ کوچ نے آسٹریلیا میں قیام کے دوران استعفیٰ دیا، جس کے بعد بورڈ نے ان دوروں کے لیے ممکنہ متبادل کی تلاش شروع کر دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کے فیلڈنگ کوچ منصور امجد ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم پیر کو ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جس کے بعد انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
بورڈ کی جانب سے آسٹریلوی فیلڈنگ کوچ کے استعفے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم پاکستان کرکٹ میں غیر ملکی کوچز کی غیر رسمی روانگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل ٹرینر و فزیو کلف ڈیکن، ہیڈ کوچز گیری کارسٹن اور جیسن گلیسپی بھی استعفیٰ دے چکے ہیں، جبکہ 2019 میں سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اسٹیو رکسن نے بھی بورڈ سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔