قدرت کی حیرت انگیز تخلیقات میں شامل 'کیبیج ٹری موتھ' نامی سنڈی اپنی خوفناک مگر منفرد شکل و صورت کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
تقریباً 70 ملی میٹر لمبی یہ سنڈی گہرے سیاہ جسم پر سفید یا سرخ جسم پر پیلے کانٹوں کے ساتھ پائی جاتی ہے جسے پہلی نظر میں دیکھ کر کسی خلائی مخلوق کا گمان ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کے جسم پر موجود نوکیلے دکھائی دینے والے کانٹے درحقیقت نرم اور اسفنج جیسے ہوتے ہیں جبکہ اس کے چمکدار رنگ شکاری جانوروں کو دھوکا دینے کے لیے قدرتی دفاعی نظام کا حصہ ہیں۔ یہ سنڈی انسانوں کے لیے مکمل طور پر بےضرر سمجھی جاتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ افریقا کے کئی علاقوں میں اس سنڈی کو ایک مقبول غذا کے طور پر بھی کھایا جاتا ہے جبکہ یہ پودوں کے پتے تیزی سے کھا کر درختوں کو تقریباً خالی کر دیتی ہے۔
اپنی زندگی کے آخری مرحلے میں یہ سنڈی زمین میں گڑھا کھود کر چھپ جاتی ہیں اور بعد ازاں ایک خوبصورت بھورے رنگ کے بڑے پروانے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔