سابق ٹیسٹ تیز گیند باز اور موجودہ سینئر سلیکٹر، عاقب جاوید اس بات کے لیے پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ کو اگلے سال تک کم از کم دو حقیقی فاسٹ بولرز مل جائیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کا موجودہ لاٹ قومی ٹیم کی قسمت بدل دے گا۔
نجی ٹی وی کے ایک کرکٹ مباحثے میں انہوں نے دعویٰ کیا: ”میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اگلے سال تک آپ کو پاکستان کرکٹ میں کم از کم دو ایسے فاسٹ بولرز نظر آئیں گے جو 145 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر سکتے ہیں۔“
پاکستان—جس کی پہچان کبھی معیاری فاسٹ بولرز پیدا کرنے کی روایت تھی—حالیہ سالوں میں ایک مضبوط پیس اٹیک سامنے لانے کے لیے جدوجہد کرتا نظر آیا ہے۔ جس کے نتیجے میں دسمبر 2023 سے اب تک کھیلے گئے آخری 16 ٹیسٹ میچوں میں سے اسے 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 4 میں فتح حاصل ہوئی۔
پاکستان کرکٹ میں فی الوقت ایسے فاسٹ بولرز کی کمی ہے جو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کر سکیں۔ یہاں تک کہ ان کے تیز ترین بولرز جیسے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ٹیسٹ دوروں کے لیے ڈراپ کر دیا گیا۔
عاقب جاوید—جو پی سی بی کی قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی ہیں—نے مزید کہا کہ وہ یہ پیش گوئی کر سکتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کے موجودہ لاٹ میں سے کئی کرکٹرز بین الاقوامی کرکٹ میں خود کو بہترین ثابت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا: ”انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ میں بھارت کو ہرایا اور شاہینز ٹیم نے بھی بھارت کو شکست دی۔ اس نئے لاٹ میں زبردست صلاحیت موجود ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اگلے سال تک ہر کوئی انہیں آگے آتے دیکھے گا۔“
عاقب اس بات پر قائم تھے کہ اگرچہ پاکستان کرکٹ میں ہر کوئی احتساب اور کوچز، سلیکٹرز اور کھلاڑیوں کو ہٹانے کی بات کرتا ہے، لیکن کوئی بھی صبر کا مظاہرہ کرنے اور یہ سمجھنے کے لیے تیار نہیں کہ کوئی نظام کس طرح کامیاب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا: ”یہ راتوں رات نہیں ہوتا۔ جب بھی ٹیم خراب کارکردگی دکھاتی ہے ہم احتساب کی بات کرتے ہیں، لیکن ہم اپنے نظام میں کی جانے والی مسلسل تبدیلیوں کو نہیں دیکھتے۔ کسی بھی منصوبے کو ایک کامیاب کرکٹ پروگرام بننے کے لیے کم از کم 3 سے 5 سال درکار ہوتے ہیں۔“
عاقب—جو 2024 کے اوائل سے پی سی بی میں قائم مقام ہیڈ کوچ، سینئر سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے طور پر کام کر رہے ہیں—نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کپتان یا کوچ کو 2 سے 3 سال کا وقت دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا: ”ہم راتوں رات نتائج کی توقع کرتے ہیں۔ اور جس احتساب کی ہم بات کرتے ہیں، اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جب بھی کوئی سلیکٹر، کوچ یا کھلاڑی کارکردگی نہیں دکھاتا تو اسے بدل دیا جاتا ہے۔“
شو کے دوران عاقب کی قومی سلیکٹرز کی جانب سے اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے معاملے پر سابق کپتان محمد حفیظ سے بحث بھی ہوئی۔
ایک موقع پر جب حفیظ نے کہا کہ سلیکٹرز کب ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور اپنے انتخاب کا اعتراف کرتے ہیں، تو عاقب نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا: ”میں کرتا ہوں، میں قومی سلیکشن کمیٹی کا رکن ہوں اور میں ہمیشہ اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں۔“
دریں اثنا، پاکستان کے سابق ریڈ بال ہیڈ کوچ، آسٹریلیا کے جیسن گلیپسی نے گزشتہ ہفتے ایک شو میں کہا تھا کہ عاقب جاوید نے ان پر اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پر جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں۔
گلیپسی اور کرسٹن دونوں نے 2024 کے آخر میں اس وقت اچانک استعفیٰ دے دیا تھا جب انہوں نے یہ واضح کر دیا تھا کہ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ اپنے کام میں بیرونی مداخلت سے خوش نہیں ہیں۔
گلیپسی نے واضح کیا کہ کرسٹن نے اس لیے استعفیٰ دیا کیونکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے وائٹ بال سیریز کے لیے جو اسکوڈ انہوں نے منتخب کیا تھا، اسے عاقب اور دیگر سلیکٹرز نے انہیں بتائے بغیر تبدیل کر دیا تھا۔ ”گیری نے کہا کہ وہ ایسی حالات میں کام نہیں کر سکتے اور وہ چلے گئے۔“