پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آ گئی۔ ہنڈریڈ انڈیکس نے ایک موقع پر 175 ہزار پوائنٹس کی حد بحال کی، تاہم بعد ازاں یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ 174 ہزار پوائنٹس کی حد بھی گنوا بیٹھی۔
کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 800 پوائنٹس تک تیزی اور 1095 پوائنٹس تک مندی دیکھی گئی جبکہ تازہ ترین صورتحال کے مطابق انڈیکس 1032 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 173,399 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق آج مارکیٹ میں محدود کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان تھا، تاہم آبنائے ہرمز کے بعد آبنائے باب المندب کی بندش سے متعلق خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جس کے باعث مارکیٹ پر منفی دباؤ بڑھ گیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ رزلٹ سیزن اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری مارکیٹ کے لیے مثبت عوامل ہیں، لیکن عالمی منڈی میں تیل کی بلند قیمتیں اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔