پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ بڑی مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور کاروبار منفی اختتام پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک موقع پر 808 پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی تاہم بعد ازاں فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ 2,775 پوائنٹس تک گر گئی۔ دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 2,690 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 171,839 پوائنٹس پر بند ہوا۔
شدید مندی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج 174 ہزار، 173 ہزار اور 172 ہزار پوائنٹس کی تین اہم نفسیاتی حدیں بھی گنوا بیٹھی۔
اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں محدود کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بعد آبنائے باب المندب کی بندش سے متعلق خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی بلند قیمتیں بھی مارکیٹ پر دباؤ کا باعث بنیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ رزلٹ سیزن اور پاکستان کی بہتر ہوتی کریڈٹ ریٹنگ مارکیٹ کے لیے مثبت عوامل ہیں تاہم بینکنگ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، انرجی اور فرٹیلائزر سیکٹرز میں فروخت کے دباؤ کے باعث مجموعی مارکیٹ مندی کا شکار رہی۔