کراچی کے علاقے کیماڑی سے 7 سالہ بچی کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 21 سالہ بابو کے نام سے ہوئی ہے جو بابا بھٹ جزیرے کا رہائشی تھا۔ ملزم نے معصوم بچی کو بابا بھٹ پر ہی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کردیا تھا۔
تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش ایک تھیلے میں ڈالی اور لانچ کے ذریعے بابا بھٹ سے ماڑی پور منتقل کی۔بعد ازاں اس نے لاش ماڑی پور کے ایک خالی پلاٹ کی جھاڑیوں میں پھینک دی۔
اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شام سے رات گئے تک اس کی تلاش جاری رکھی تاہم جب کوئی سراغ نہ ملا تو اہل خانہ نے جیکسن تھانے سے رابطہ کیا جہاں ابتدائی رپورٹ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کی گئی۔ لاش جمعرات کو منوڑا کچھی لائن کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی جبکہ پولیس ملزم کو پکڑنے گئی تو اس نے پولیس کے دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔
دوسری جانب اس وحشیانہ واقعے پر علاقے کے رہائشیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اہل علاقہ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ملزم کی لاش کو بابا بھٹ جزیرے کے دونوں قبرستانوں میں سے کسی میں بھی تدفین کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔
دوسری جانب پولیس مقابلے میں مارے گئے ملزم کے اہلخانہ نے میت وصول کرنے سے انکار کردیا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے ملزم کی میت وصول کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد میت کو مواچھ گوٹھ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔