چوری سے پہلے چوروں نے کچن میں 14 انڈوں کا آملیٹ بنا کر کھا لیا

image

بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک گھر میں ہونے والی چوری نے پولیس کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔ نامعلوم ملزمان نہ صرف لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے گئے بلکہ فرار ہونے سے پہلے گھر کے کچن میں 14 انڈوں کا آملیٹ بھی بنا کر کھایا، جس کا ذکر اب سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واردات مہاکال کالونی میں اس وقت پیش آئی جب گھر کے مالک ہرجیت سنگھ کینسر کے علاج کی غرض سے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ممبئی میں موجود تھے۔ چوروں نے گھر میں داخل ہو کر کمروں کا سامان منتشر کر دیا اور ایل ای ڈی ٹی وی، نقد رقم اور زیورات اپنے ساتھ لے گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ متاثرہ خاندان ابھی ممبئی میں ہے، اس لیے چوری ہونے والے سامان اور مجموعی مالی نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں۔

پولیس کے مطابق کالونی میں نجی سکیورٹی گارڈ تعینات تھا، تاہم ملزمان اس کی موجودگی کے باوجود گھر میں داخل ہونے اور واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US