بھارت کی ریاست کیرالا میں ہونے والی ایک غیر معمولی شادی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جہاں تقریب کا تقریباً ہر اہم کردار جڑواں افراد نے نبھایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جڑواں بھائی اکھل کے تھامس اور نکھل کے تھامس رشتۂ ازدواج میں جڑواں بہنوں میگی میری تھامس اور ماریا میری تھامس کے ساتھ بندھ گئے۔ شادی کی تقریب چانگانا سیری میٹرو پولیٹن چرچ میں منعقد ہوئی۔
اس منفرد تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ نکاح کی مذہبی رسومات بھی جڑواں پادری فادر انٹو پیزھمکٹل اور فادر اجو پیزھمکٹل نے ادا کیں، جبکہ ان کی معاونت جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے کی۔
دلہنوں کا کہنا تھا کہ وہ بچپن ہی سے چاہتی تھیں کہ ان کی شادی میں ہر اہم ذمہ داری جڑواں افراد کے سپرد ہو۔ اسی خواہش کو حقیقت بنانے کے لیے انہوں نے جڑواں پادریوں کی تلاش کی، جو کامیاب ثابت ہوئی۔
پادریوں نے بھی اس موقع کو اپنی زندگی کا ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔ ان کے مطابق جس طرح دولہا اور دلہن نے ایک ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا، اسی طرح وہ خود بھی ایک ساتھ پادری بنے تھے، اس لیے اس تقریب کا حصہ بننا ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں دولہا مرچنٹ نیوی میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ دونوں دلہنیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
دونوں خاندانوں کے مطابق یہ شادی صرف دو جوڑوں کے بندھن میں بندھنے کا موقع نہیں تھی بلکہ برسوں سے دیکھے گئے ایک منفرد خواب کی تعبیر بھی تھی، جس نے تقریب میں شریک ہر شخص کو ایک یادگار تجربہ دیا۔