آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ایک گھر کی تزئین و آرائش کے دوران چمنی میں اینٹوں کے پیچھے چھپی 150 برس پرانی نایاب کتاب دریافت ہوئی ہے، جسے کیاما لائبریری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
گھر کی مرمت کے دوران چمنی میں بند ایک پرانی ٹی ڈیسک سے 1858 میں شائع ہونے والی تاریخی کتاب ’دی اینٹیکٹیز آف ایتھنز‘ ملی۔ یہ کتاب اس دور کی ہے جب کیاما پبلک لائبریری 1872 سے 1890 کے درمیان کیاما اسکول آف آرٹس میں قائم تھی۔
اگرچہ کتاب کے لائبریری سے جاری ہونے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تاہم اندازہ ہے کہ اسے ڈیڑھ صدی قبل ادھار لیا گیا تھا۔ لائبریری حکام کے مطابق اگر پرانے قواعد کے تحت جرمانہ عائد کیا جاتا تو اس پر تقریباً 20 ہزار امریکی ڈالر کے برابر لیٹ فیس بنتی، تاہم اب تاخیر سے کتابیں جمع کرانے پر جرمانے کا نظام ختم کردیا گیا ہے۔
کتاب حیرت انگیز طور پر بہترین حالت میں محفوظ ہے اور اسے دوبارہ جاری کرنے کے بجائے لائبریری کے تاریخی اور اہم ذخیرے میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔