امریکی اسپیڈ کیوبر ٹومی چیری نے بلائنڈ فولڈ یعنی آنکھوں پر پٹی باندھ کر روبک کیوب حل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا۔
21 سالہ ٹومی چیری نے 28 جون 2026 کو امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر برانچ برگ میں ہونے والی مڈ اٹلانٹک کوائٹ چیمپئن شپ 2026 کے دوران 3×3×3 روبک کیوب صرف 11.56 سیکنڈز میں حل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے چارلی ایگنز کے پاس تھا جنہوں نے 10 جنوری 2026 کو 11.67 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔
ٹومی چیری نے پہلی بار 2021 میں 15.27 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ بلائنڈ فولڈ روبک کیوب حل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور اس کے بعد وہ مسلسل اپنی کارکردگی بہتر بناتے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹومی چیری اور چارلی ایگنز بلائنڈ فولڈ 3×3×3 روبک کیوب کے تیز ترین اوسط وقت کے مشترکہ عالمی ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں جہاں دونوں نے 14.05 سیکنڈز کی اوسط حاصل کی ہے۔
ٹومی چیری نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے بعد یہ ان کا پہلا عالمی ریکارڈ ہے اور وہ مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔