ہنی مون پر گئے جوڑے نے خطرناک حادثے میں پھنسے 5 افراد کی جان بچا لی

image

شادی کے بعد سیر و تفریح پر جانے والا ایک نوبیاہتا جوڑا اچانک ایک خطرناک حادثے کا سامنا کرنے والے خاندان کے لیے امید کی کرن بن گیا۔ چین میں پیش آنے والے اس واقعے میں جوڑے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹس کے مطابق چین کے صوبہ جیانگسو سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ فان کایوئی اور ان کی اہلیہ گو جیاننگ جنوبی صوبہ ہینان میں گھوم رہے تھے کہ انہوں نے ایک گاڑی کو سڑک کے کنارے رکاوٹ سے ٹکرانے کے بعد خطرناک انداز میں لٹکتے دیکھا۔ گاڑی سے دھواں اٹھ رہا تھا جبکہ اندر سے بچوں کے رونے اور مدد کے لیے پکارنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔

فان کایوئی نے فوراً گاڑی کی طرف دوڑ کر متاثرہ خاندان کو حوصلہ دیا اور امدادی اداروں کو اطلاع دی جبکہ ان کی اہلیہ نے سڑک پر آنے والی گاڑیوں کو روک کر دیگر افراد کو مدد کے لیے جمع کیا۔ بعد ازاں کئی ڈرائیورز نے مل کر پہلے تین بچوں اور پھر ان کے والدین کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکالا۔

امدادی کارروائی کے دوران ڈھلان پر موجود نوکیلے پودوں سے فان کایوئی زخمی بھی ہوئے، تاہم انہوں نے اپنی تکلیف کی پروا کیے بغیر ریسکیو کا کام جاری رکھا۔ امدادی ٹیم کے پہنچنے تک وہ پولیس اور طبی عملے کے ساتھ تعاون کرتے رہے۔

بعد میں بچائی گئی خاتون نے جیانگسو پولیس سے رابطہ کر کے جوڑے کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ ان کی ایک ہڈی ٹوٹ گئی تاہم بروقت مدد ملنے کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد محفوظ رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US