سرکاری اداروں کی نجکاری: وزیراعظم نے اہداف کی بروقت تکمیل کا حکم دے دیا

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور اس حوالے سے طے شدہ اہداف اور ٹائم لائنز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ نجکاری نے مختلف اداروں کی نجکاری، اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے اور مؤثر تعاون کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں مرتب کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی مالی وسائل تک رسائی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت اور غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل کی گئی۔

اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں سے دستاویزات وصول کرنے کی آخری تاریخ فیسکو کے لیے 7 اگست، گیپکو کے لیے 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے ان تقسیم کار کمپنیوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روڈ شوز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیراعظم کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کی نجکاری سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ٹرانزیکشن اسٹرکچرنگ کے دوران بینک کے زرعی قرضوں سے متعلق بنیادی مینڈیٹ کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جاری نجکاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور مقررہ اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US