نیوزی لینڈ کی مقامی سیاستدان اور ڈنیڈن سٹی کونسل کی رکن جوگیلر ایک اہم سرکاری اجلاس میں اپنے گھر کے باتھ روم سے آن لائن شرکت کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔
یوٹیوب پر شیئر کی گئی اجلاس کی ویڈیو میں جوگیلر کے پس منظر میں دھلے ہوئے کپڑے واضح طور پر نظر آ رہے تھے، جس پر اجلاس کی صدارت کرنے والی میئر سوفی بارکر نے مسکراتے ہوئے انہیں کیمرہ ایڈجسٹ کرنے کا مشورہ دیا۔ اس پر جوگیلر نے ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیا اگر آپ کو میرے کپڑے نظر آ رہے ہیں تو پھر آپ مجھے بھی دیکھ سکتے ہیں۔
اجلاس کے دوران جب وہ مقامی حکومتوں میں اصلاحات پر اظہارِ خیال کر رہی تھیں تو ویڈیو کے پس منظر میں دروازے کے پیچھے ایک نامعلوم شخص کا سیاہ سا عکس بھی دکھائی دیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔ اس کے بعد صارفین نے مختلف دلچسپ تبصرے کیے، جن میں ایک نے سوال اٹھایا کہ شاور میں کون تھا؟
یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈنیڈن سٹی کونسل کسی غیر معمولی واقعے کی وجہ سے خبروں میں آئی ہو۔ اس سے قبل 2020 میں کونسل کے ایک رکن زوم میٹنگ کے دوران اپنے دفتر کی صفائی کرتے ہوئے کیمرے میں نظر آ گئے تھے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔