"میں کبھی شادی نہیں کروں گی، اکیلی رہ کر بے حد خوش ہوں۔ میرے تقریباً 100 قریبی رشتہ دار اور دوست ہیں جو مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ میں یہ خطرہ مول نہیں لے سکتی کہ کوئی ایک شخص آکر میری خوشحال زندگی بدل دے۔"
51 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’آسک امیشا‘ سیشن کے دوران مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔ ایک صارف نے جب ان سے پوچھا کہ وہ شادی کب کریں گی تو امیشا نے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر کہا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اپنی موجودہ زندگی میں مطمئن ہیں۔
امیشا کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں ایسے تقریباً 100 قریبی رشتہ دار اور دوست موجود ہیں جو انہیں بے حد چاہتے ہیں، اس لیے وہ کسی ایک شخص کی خاطر اپنی پرسکون اور خوشگوار زندگی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتیں۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ امیشا ماضی میں شادی کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کرتیں۔ رنویر الہٰ آبادیہ کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کی ایک سنجیدہ محبت کا ذکر کیا تھا، جو ان کے فلمی کیریئر کا آغاز ہونے سے پہلے کی بات ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کا سابق ساتھی جنوبی ممبئی کے ایک معروف صنعتی خاندان سے تعلق رکھتا تھا اور دونوں کے خاندانی پس منظر، تعلیم اور طرزِ زندگی میں خاصی مماثلت تھی، لیکن وہ امیشا کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے۔
امیشا نے بتایا کہ اس موقع پر انہیں محبت اور کیریئر میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑا اور انہوں نے اپنے خوابوں کو ترجیح دی۔ ان کے بقول اس فیصلے میں انہوں نے بہت کچھ کھویا بھی اور بہت کچھ سیکھا، کیونکہ زندگی میں بعض اوقات اپنے مستقبل کے لیے جذباتی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔
اگرچہ آج امیشا اپنی تنہائی سے خوش ہیں، لیکن ان کے لیے محبت کا دروازہ مکمل طور پر بند نہیں ہوا۔ اداکارہ کے مطابق اگر انہیں ایسا شخص مل جائے جو قابلِ اعتماد ہو، انہیں ہر صورتحال میں قبول کرے اور ذہنی طور پر پختہ ہو تو وہ شادی پر غور کرسکتی ہیں۔
امیشا کا کہنا تھا کہ انہیں آج بھی اچھے اور بااثر خاندانوں سے رشتوں کی پیشکش ہوتی رہتی ہے، جبکہ ان سے کم عمر افراد بھی انہیں ڈیٹ پر چلنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک رشتے میں عمر سے زیادہ اہمیت ذہنی پختگی اور باہمی سمجھ بوجھ کی ہے۔
اداکارہ کا نام ماضی میں کئی شخصیات کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے، تاہم فلم ساز وکرم بھٹ کے ساتھ ان کا تعلق سب سے زیادہ زیرِ بحث رہا۔ اب امیشا پٹیل کی حالیہ گفتگو سے یہ بات واضح ہے کہ وہ روایتی توقعات کے بجائے اپنی آزادی، ذہنی سکون اور خوشحال زندگی کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔