کرسٹیانو رونالڈو کی شادی کی افواہ نے مداحوں کو پرتگال کے ایک چرچ کے باہر پہنچا دیا، جہاں کئی گھنٹوں بعد انہیں معلوم ہوا کہ وہ جس شادی کا انتظار کر رہے تھے، وہ رونالڈو کی نہیں تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ پرتگالی فٹبال اسٹار اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ ہفتے کے روز پرتگال کے جزیرے میڈیرا کے شہر فنشال میں شادی کرنے والے ہیں۔ رونالڈو کے خاندان کی جانب سے افواہ کی تردید بھی کردی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود سیکڑوں مداح تاریخی سی کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔
مداح ہاتھوں میں موبائل فون اور کیمرے لیے رونالڈو اور جارجینا کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر رہے، تاہم کچھ دیر بعد صورتحال واضح ہوگئی۔ چرچ میں جس جوڑے کی شادی ہورہی تھی وہ رونالڈو اور جارجینا نہیں بلکہ نکول اور فابیوں تھے۔
مداحوں اور صحافیوں کی غیر معمولی تعداد کے باعث اصل دلہن نکول کو بھی چرچ میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ سی کیتھیڈرل کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک پر بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاحوں کی موجودگی سے کافی الجھن پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد چرچ بند کرکے شادی کی تقریب مکمل کی گئی۔
تقریب میں شریک ایک مہمان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر انہیں خود بھی ایسا محسوس ہونے لگا جیسے وہ کسی مشہور شخصیت کی شادی میں شریک ہوں۔ مہمان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہ کیسے سوچ سکتے ہیں کہ رونالڈو بغیر سیکیورٹی کے اسی مقام پر شادی کریں گے۔
اس دلچسپ صورتحال پر خود کرسٹیانو رونالڈو نے بھی خاموشی نہیں اختیار کی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے کمنٹ میں ہنستے ہوئے آنسوؤں والے ایموجیز کے ذریعے مداحوں کی اس غلط فہمی پر اپنا ردِعمل ظاہر کیا۔