امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کیپ کورل میں دو خالی پلاٹوں پر بلیوں کے پُراسرار کٹ آؤٹس نصب کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
جنگلی حیات کے ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر یہ نقلی بلیاں نایاب نسل کے زمین میں بل بنا کر رہنے والے اُلوؤں کو ڈرانے اور پلاٹوں سے دور رکھنے کے لیے لگائی گئی ہیں۔
مقامی رضاکاروں کے مطابق ایک پلاٹ پر اُلو کے بل کے قریب 6 نقلی بلیاں نصب کی گئی ہیں۔ دونوں پلاٹ حال ہی میں فروخت ہوئے ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ نئے مالکان تعمیراتی کام سے قبل مزید اُلوؤں کو یہاں بسنے سے روکنا چاہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بلیاں ان اُلوؤں کی قدرتی شکاری ہیں، اسی لیے کٹ آؤٹس کے ذریعے انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
واضح رہے کہ فلوریڈا میں ان نایاب اُلوؤں کو وفاقی قانون کے تحت خصوصی تحفظ حاصل ہے اور اجازت کے بغیر ان کے بلوں کو نقصان پہنچانا یا انہیں بےدخل کرنا غیر قانونی ہے۔ وائلڈ لائف رضاکاروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نایاب پرندوں کے تحفظ کے لیے پالتو بلیوں کو بھی گھروں تک محدود رکھا جائے۔