میں نے کیمرے پر اس بارے میں پہلے کبھی نہیں بتایا، لیکن میری شادی کو کچھ وقت ہوچکا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں میری تیسری شادی ہوئی اور یہ میرے لیے ایک بہت خوبصورت تجربہ تھا۔ یہ ایک ارینج میرج تھی۔ میری بہنیں مسلسل میرے پیچھے پڑی ہوئی تھیں کیونکہ میں شادی میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا۔ پھر میری بہن نے میرے لیے رشتہ تلاش کیا۔
میری اہلیہ ردا الزہرا دبئی میں رہتی تھیں اور وہاں ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ تھیں۔ میں نے ان سے کہا کہ شادی سے پہلے پاکستان منتقل ہوجائیں کیونکہ میں دبئی میں مستقل طور پر نہیں رہ سکتا۔ ہماری تقریباً چھ ماہ تک بات چیت ہوتی رہی اور پھر اکتوبر 2025 میں ہماری شادی ہوگئی۔
گزشتہ 12 سال میں، یعنی اپنی دوسری طلاق کے بعد، میں ایک انسان کے طور پر بہت بدل چکا ہوں۔ اب میں زیادہ عاجزی اختیار کرتا ہوں اور زندگی کے تجربات نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے۔ اب میں رشتوں کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھتا ہوں۔ میں اپنی اہلیہ پر کوئی چیز مسلط نہیں کرتا۔ پہلے میری پوری توجہ اپنے کیریئر پر ہوتی تھی، لیکن اب میں اپنی ذاتی زندگی کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتا ہوں۔
پاکستانی میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے بالآخر اپنی تیسری شادی کا راز مداحوں کے سامنے کھول دیا۔ نادیہ خان کے شو ’رائز اینڈ شائن‘ میں شرکت کے دوران اظفر علی نے نہ صرف اپنی شادی کی تصدیق کی بلکہ اہلیہ ردا الزہرا کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی اور شادی تک پہنچنے کی دلچسپ کہانی بھی سنادی۔
اظفر علی کے مطابق ان کی تیسری شادی اکتوبر 2025 میں ہوئی اور یہ مکمل طور پر ارینج میرج تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود شادی کے لیے تیار نہیں تھے، تاہم ان کی بہنوں نے انہیں شادی پر آمادہ کرنے کے لیے باقاعدہ رشتہ تلاش کیا۔
اظفر علی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ردا الزہرا دبئی میں رہتی تھیں جہاں وہ ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ تھیں۔ دونوں کے درمیان تقریباً چھ ماہ تک بات چیت ہوئی، جس کے بعد اظفر نے انہیں شادی سے قبل پاکستان منتقل ہونے کے لیے کہا، کیونکہ وہ دبئی منتقل ہوکر رہنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
اپنی گزشتہ ازدواجی زندگی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے اظفر علی نے اعتراف کیا کہ وقت اور تجربات نے انہیں ایک مختلف انسان بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری طلاق کو 12 سال گزر چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے رشتوں کو سمجھنے اور نبھانے کا انداز بدل لیا ہے۔
اظفر علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی توجہ زیادہ تر کیریئر پر مرکوز تھی، تاہم اب وہ اپنی ذاتی زندگی اور ازدواجی رشتے کو بھی اہمیت دے رہے ہیں اور اپنی اہلیہ پر کسی قسم کی پابندی یا دباؤ نہیں ڈالتے۔
’سب سیٹ ہے‘، ’شاہ رخ کی سالیاں‘ اور ’اب بجائے گی شہنائی‘ جیسے ڈراموں میں کام کرنے والے اظفر علی ’ازفر منی شو‘ کی میزبانی کے باعث بھی خاصے مقبول رہے ہیں۔ وہ معروف میزبان تابش ہاشمی کو متعارف کرانے کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔
اظفر علی کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، جو بعد میں طلاق پر ختم ہوگئی، جبکہ ان کی دوسری شادی نوین نقوی سے ہوئی تھی۔ دوسری شادی بھی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی۔ اب اظفر علی نے اپنی تیسری شادی کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وقت کے ساتھ رشتوں اور زندگی کو دیکھنے کا ان کا انداز بھی کافی بدل چکا ہے۔