میں حقیقی زندگی میں بھی ایسے لوگوں کو جانتا ہوں جو تابش جیسے ہیں۔ صرف مرد ہی نہیں بلکہ میں دو ایسی خواتین کو بھی جانتا ہوں جنہوں نے اپنی زندگی میں بالکل تابش جیسا رویہ اختیار کیا۔ مردوں کی تعداد یقیناً زیادہ ہے، لیکن میں ایسی خواتین کو بھی جانتا ہوں جنہوں نے اپنے خاندانوں سے بے وفائی کی، انہیں چھوڑ کر چلی گئیں اور بعد میں دوبارہ اپنے پرانے خاندان اور شریکِ حیات کے پاس واپس آگئیں۔ میں یہ ضرور مانتا ہوں کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین بے وفائی نہیں کرسکتیں۔
پاکستانی شوبز کے معروف اداکار احسن خان تقریباً تین دہائیوں سے اپنی اداکاری، شخصیت اور منفرد انداز سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور ان دنوں ڈرامہ ’آپ کی عزت‘ میں تابش کے کردار کے باعث خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
احسن خان نے ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے کردار تابش سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ایسے افراد کو جانتے ہیں جو تابش جیسے رویے رکھتے ہیں۔
اداکار نے خاص طور پر دو خواتین کا ذکر کیا جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے خاندان اور شریکِ حیات سے بے وفائی کی، کچھ عرصے بعد واپس بھی آئیں اور دوبارہ اپنی پرانی زندگی کا حصہ بن گئیں۔
احسن خان کا یہ بیان اس لیے بھی توجہ کا مرکز بن گیا کہ عموماً بے وفائی کے موضوع پر گفتگو میں مردوں کا ذکر زیادہ کیا جاتا ہے، تاہم اداکار نے واضح کیا کہ اگرچہ معاشرے میں خواتین کو زیادہ مشکلات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن بے وفائی صرف مردوں تک محدود نہیں۔
’آپ کی عزت‘ میں تابش کا کردار ادا کرنے والے احسن خان کی جانب سے حقیقی زندگی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین سے متعلق یہ رائے سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں بھی اس بیان پر بحث شروع ہوگئی ہے۔