جنوبی کوریا میں ریکارڈ توڑ گرمی نے زرعی شعبے کو شدید متاثر کردیا، شمال مشرقی صوبے گانگ وون میں آلو زمین سے نکالنے سے پہلے ہی نرم اور خراب ہوگئے جبکہ بڑی مقدار میں گوبھی بھی شدید گرمی کی نذر ہوگئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق یانگ گو کاؤنٹی کے ہائیان علاقے میں کسانوں نے کھیتوں سے آلو نکالے تو بیشتر آلو نرم اور ناقابل استعمال حالت میں ملے۔
40 سال سے کاشت کاری کرنے والے ایک کسان نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی صورتحال کبھی نہیں دیکھی، جبکہ نقصان صرف چند کھیتوں تک محدود نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
شدید گرمی کے باعث ہزاروں پیونگ رقبے پر کاشت کی گئی گوبھی بھی کھیتوں میں ہی جھلس گئی۔ کسانوں نے بہتر قیمت کی امید میں کٹائی مؤخر کی، تاہم گرمی کی شدت کے باعث فصل تباہ ہونے پر اسے زمین میں ملا دیا گیا۔
کسانوں کے مطابق تباہ ہونے والی گوبھی کی مالیت کروڑوں وون تھی جس سے زرعی شعبے کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔