ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی عرف عائشہ کے قتل کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کو کاشف نامی شخص کی کال موصول ہونے کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی تھیں، جس کے کچھ دیر بعد ان کے قتل کی اطلاع ملی۔
مقتولہ کے والد نے ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچ کر لاش کی شناخت کی، جہاں ان کے دیگر دو بچے بھی زخمی حالت میں موجود تھے۔ واقعے کی تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار ملزم نے گاڑی پر فائرنگ کی جس سے گولی عائشہ کی گردن میں لگی، فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ڈمپر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ان کے بھائی اور بہن بھی شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا بھائی سامنے آنے پر ملزمان کو پہچان سکتا ہے، جس کی روشنی میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔