نصرت فتح علی خان کے مزار پر پرفارمنس، راحت فتح علی خان تنقید کی زد میں

image

’’قبر کا کوئی احترام نہیں۔‘‘ ’’لگتا ہے وہ دوبارہ نشے میں ہیں۔‘‘ ’’استغفراللہ، یہ کیا ہو رہا ہے؟‘‘

سوشل میڈیا صارفین نے معروف قوال راحت فتح علی خان کی جانب سے لیجنڈری گلوکار نصرت فتح علی خان کے مزار پر قوالی پیش کرنے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ صارفین نے مزار پر پرفارمنس اور وہاں نوٹ نچھاور کیے جانے کے انداز کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔

نصرت فتح علی خان کو دنیا سے رخصت ہوئے تقریباً تین دہائیاں گزر چکی ہیں، تاہم ان کی آواز اور قوالی آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ ان کی برسی کے موقع پر راحت فتح علی خان اپنے بیٹے شہزمان علی خان کے ہمراہ فیصل آباد میں واقع ان کے مزار پر پہنچے، جہاں دونوں نے نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوالی اور کلام پیش کیا۔

اس موقع پر مزار پر موجود افراد کی بڑی تعداد نے پرفارمنس دیکھی جبکہ ویڈیو میں قوالی کے دوران نوٹ نچھاور کیے جاتے بھی دکھائی دیے۔ بعد ازاں اس منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور نصرت فتح علی خان کے کئی مداحوں نے اس عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے مزار کے تقدس کے منافی قرار دیا۔

راحت فتح علی خان کی جانب سے اپنے استاد اور خاندانی روایت سے جڑے عظیم فنکار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی اس کوشش کو جہاں بعض لوگوں نے محبت کا اظہار قرار دیا، وہیں سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے پرفارمنس کے انداز پر اعتراض کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US