ڈکی بھائی کے مقدمے کا ذکر، عروب جتوئی جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں

image

’’یہ میرے لیے ایک ایسا صدمہ ہے جسے میں کبھی بھلا نہیں سکتی۔ جو کچھ ہوا، وہ میرے لیے بہت مشکل تھا اور آج بھی اس بارے میں بات کرتے ہوئے میرے جذبات قابو میں نہیں رہتے۔‘‘

سوشل میڈیا کی معروف جوڑی ڈکی بھائی اور عروب جتوئی حالیہ عرصے میں اپنی ذاتی زندگی کے بجائے ایک طویل قانونی معاملے کے باعث خبروں میں رہی۔ ڈکی بھائی کو مبینہ بیٹنگ ایپس کیس میں این سی سی آئی اے کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ تقریباً تین ماہ تک زیرِ حراست رہے، جبکہ اس دوران عروب اور ان کے اہل خانہ کو بھی ضمانت کے لیے مختلف عدالتوں کے چکر لگانے پڑے۔

انٹرویو میں جب عروب جتوئی سے اس پورے معاملے کے بارے میں سوال کیا گیا تو وہ جذباتی ہوگئیں اور رونے لگیں۔ ڈکی بھائی نے گفتگو میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ وہ بھی عروب کے جذبات کو محسوس کرتے ہیں اور کئی بار انہیں خود بھی رونے کا دل کرتا ہے، تاہم انہوں نے اس تکلیف سے نمٹنے کے لیے مزاح کا سہارا لینا شروع کردیا ہے۔

ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد ان کے پورے خاندان میں خوف پیدا ہوا ہے، جبکہ عروب کے لیے یہ تجربہ ایک ایسا صدمہ بن گیا ہے جسے وہ آسانی سے بھلا نہیں سکتیں۔

گفتگو کے دوران ڈکی بھائی نے فیملی پلاننگ کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتاری سے قبل وہ اور عروب بچے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم اسی دوران ایف آئی آر کے معاملے نے سب کچھ بدل دیا۔ ڈکی بھائی نے کہا کہ وہ اس بات پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس وقت ان کا بچہ نہیں تھا، کیونکہ اس صورتحال کا سامنا ایک بچے کے ساتھ کرنا ان کے لیے مزید مشکل ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو اللہ کی مرضی سمجھتے ہیں اور جب وقت مناسب ہوگا، وہ اولاد کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US