’’میرا مذہب اسلام ہے اور میں اس سے دلی لگاؤ رکھتی ہوں۔ جب میں خدا کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے ذہن میں اللہ کا نام آتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں دوسرے مذاہب کا احترام نہیں کرتی۔ اماں نے اسلام قبول کرنے کے بعد ہمیں بھی اس مذہب کے بارے میں سمجھایا تاکہ ہمیں اپنی مذہبی شناخت کا علم ہو۔‘‘
بھارتی اداکار سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی نے اپنے خاندان کے مذہبی پس منظر اور گھر میں ہونے والی تربیت کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔ یوٹیوب چینل ’بگ بالی ووڈ بفز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا۔
صبا کے مطابق ان کی والدہ نے بچوں کو بھی اسلام، رمضان اور مذہبی معاملات کے بارے میں بنیادی تعلیم دی، تاہم گھر میں کسی پر مذہب مسلط نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی اپنے مذہب کے بارے میں سمجھایا گیا، جبکہ خاندان میں مختلف تہوار بھی مل جل کر منائے جاتے تھے، جن میں عید کے ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک مذہب ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی کو اپنا عقیدہ دوسرے پر زبردستی مسلط نہیں کرنا چاہیے۔ صبا کے مطابق ان کے بہن بھائیوں نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں کیں اور خاندان میں مذہب کو لے کر سخت رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل سیف علی خان بھی اپنے بچوں کی مذہبی تربیت کے حوالے سے بات کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں یہ سکھایا کہ خدا ایک ہے اور اس کے کئی نام ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ کرینہ کپور بھی مذہب کے معاملے میں کشادہ ذہن رکھتی ہیں۔
پٹودی خاندان میں مختلف مذاہب کے درمیان شادیوں کی مثالیں بھی موجود ہیں۔ سیف علی خان نے پہلے امرتا سنگھ اور بعد میں کرینہ کپور سے شادی کی، جبکہ ان کی بہن سوہا علی خان نے اداکار کنال کھیمو سے شادی کی۔
دوسری جانب شرمیلا ٹیگور بھی ماضی میں اپنے مذہبی سفر پر گفتگو کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ منصور علی خان پٹودی سے شادی سے قبل اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا نام ’عائشہ‘ رکھا گیا تھا۔ شرمیلا کے مطابق اسلام قبول کرنے کا تجربہ نہ مکمل طور پر آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل، تاہم اس دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام دونوں کو زیادہ قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔